Tashakur News

سندھ پولیس: سندھ اور بلوچستان پولیس نے سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

سندھ پولیس اور بلوچستان پولیس کے اعلیٰ حکام نے سیکیورٹی تعاون، انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ کراچی میں ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی زیرِ قیادت ہونے والی کوآرڈینیشن میٹنگ میں دونوں صوبوں کی امن و امان کی مجموعی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں دونوں پولیس اداروں نے جرائم پیشہ عناصر کی ممکنہ نقل و حرکت روکنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔ شرکا نے سرحدی علاقوں اور انٹری و ایگزٹ پوائنٹس پر کیمرا سرویلنس کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا بھی فیصلہ کیا تاکہ مشتبہ سرگرمیوں کی بروقت نگرانی ممکن ہو سکے۔

اجلاس کے دوران سندھ پولیس نے بلوچستان پولیس کو استعداد کار (Capacity Building) بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ سندھ پولیس نے تربیتی سہولیات، جدید تکنیکی معاونت اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

میٹنگ میں سندھ اور بلوچستان اسپیشل برانچز کے درمیان معلومات کے بروقت تبادلے کو مزید منظم بنانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ سی ٹی ڈی سندھ اور سی ٹی ڈی بلوچستان کے درمیان مشترکہ تعاون اور کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

دونوں صوبوں کے پولیس حکام نے مشترکہ تربیتی پروگراموں، پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اجلاس کے اختتام پر سندھ اور بلوچستان پولیس کے سینئر افسران نے یادگاری شیلڈز کا تبادلہ کیا اور مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Exit mobile version