Site icon Tashakur News

سڑکوں کی بحالی کراچی کی 139 شاہراہوں کے لیے 14 ارب روپے کا منصوبہ شروع

Mayor Karachi Murtaza Wahab announces Rs14 billion project for rehabilitation of 139 city roads.

Karachi road rehabilitation project announced by Mayor Murtaza Wahab

سڑکوں کی بحالی کے منصوبے کے تحت کراچی کی 139 سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا آغاز کیا جائے گا۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے 14 ارب روپے کی لاگت سے منصوبے کا اعلان کردیا۔

میئر کراچی کو ڈی جی ٹیکنیکل سروسز طارق مغل نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کا ٹینڈر جاری ہوچکا ہے۔ تمام قانونی مراحل مکمل ہونے کے بعد عملی کام شروع کردیا جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر منصوبے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ تمام منصوبے ایک سال کے اندر مکمل کیے جائیں گے۔

میئر کراچی نے کہا کہ منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے وہ خود پروکیورمنٹ کے عمل کی نگرانی کریں گے۔ ان کے مطابق شہر کی اہم شاہراہوں کی بحالی کے ساتھ 41 مزید سڑکوں پر جدید اسٹریٹ لائٹس بھی نصب کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ نعروں اور دعوؤں کے بجائے کارکردگی سے شہریوں کی خدمت ثابت کریں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے کراچی کے لیے ترقیاتی فنڈز اور منصوبے فراہم کرنے پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر کا شکریہ ادا کیا۔

اجلاس میں مشیر مالیات گلزار ابڑو، ڈی جی ٹیکنیکل سروسز طارق مغل اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

Exit mobile version