کورنگی فائرنگ کے واقعے میں ضلع کورنگی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو زخمی کرنے کے الزام میں مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ کورنگی نمبر 2 کی حدود میں پیش آیا، جہاں ابتدائی اطلاعات کے مطابق پڑوسیوں کے درمیان تلخ کلامی کے دوران فائرنگ ہوئی۔ فائرنگ سے حسین ولد ندیم زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر علاج کے لیے انڈس اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری نے ملوث افراد کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے، جس کے بعد تھانہ کورنگی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سجاد عرف منا ولد عبدالغفار کو گرفتار کر لیا۔
اعلامیے کے مطابق پولیس دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش بھی جاری ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی قانون کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔

