Site icon Tashakur News

بی آئی ایس پی: ایف آئی اے کی کارروائی، مستحقین سے غیر قانونی کٹوتیوں میں ملوث پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

FIA officials conducting an operation against suspects accused of BISP fraud in Shaheed Benazirabad.

FIA launches action against an alleged BISP fraud network in Shaheed Benazirabad.

بی آئی ایس پی کے مستحقین سے مبینہ طور پر غیر قانونی کٹوتیاں کرنے والے منظم ایجنٹ مافیا کے خلاف ایف آئی اے سکھر زون نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے سکھر زون کے مطابق کمپوزٹ سرکل شہید بینظیر آباد نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے مستحقین کا استحصال کرنے والے مبینہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی۔ مقدمے میں امیر علی، فہد، عبدالمجید، مختیار اور نثار علی کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان مستحقین کی مالی امداد سے غیر قانونی کٹوتیاں کرنے، جعلسازی اور دھوکہ دہی کے ذریعے ناجائز مالی فوائد حاصل کرنے میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل شہید بینظیر آباد میں مقدمہ نمبر 19/2026 تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 406، 419، 420، 34 اور 109 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ انکوائری کے دوران 12 اے ٹی ایم کارڈز، 9 موبائل فونز، 2 بائیومیٹرک ویریفیکیشن ڈیوائسز، ایک چیک بک اور 10 ہزار روپے نقد برآمد کیے گئے، جنہیں شواہد کے طور پر تحویل میں لے لیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق اس منظم نیٹ ورک کے دیگر مبینہ ارکان کی گرفتاری، اس کے مکمل دائرۂ کار کے تعین اور مزید شواہد اکٹھے کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید برآمدگیوں کا بھی امکان ہے۔

ترجمان ایف آئی اے سکھر زون نے کہا کہ ادارہ بدعنوانی، منظم ایجنٹ مافیا اور عوامی فلاحی پروگراموں کے مستحقین کے استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا

Exit mobile version