تجاوزات کے خاتمے اور ہوٹلوں کی ریگولیشن سے متعلق کراچی میں بلدیاتی اور ضلعی انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کی مشترکہ صدارت میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سینٹرل طٰحہ سلیم، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی اور دیگر ڈپٹی کمشنرز نے بھی شرکت کی۔
فٹ پاتھوں پر قبضے برداشت نہیں ہوں گے
اجلاس میں شہر میں تجاوزات سے متعلق شکایات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر سینٹرل نے پرمٹ اور اجازت ناموں کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مرکزی شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر کسی بھی قسم کی تجاوزات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ہوٹلوں کے لیے نئے ایس او پیز
میئر کراچی نے کہا کہ مختلف سڑکوں اور علاقوں کے مطابق ہوٹلوں کے لیے الگ الگ ایس او پیز تیار کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔
ان کے مطابق شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ہوٹلوں کے کاروبار کو بھی مؤثر انداز میں ریگولیٹ کرنا ضروری ہے۔
فیس ترقیاتی کاموں پر خرچ ہوگی
میئر کراچی نے کہا کہ کرسیاں لگانے کی مد میں وصول ہونے والی فیس شہر کی ترقی اور بیوٹیفکیشن پر خرچ کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ہوٹلوں کے اجازت نامے متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور ٹاؤن انتظامیہ جاری کریں گے۔
ان کے مطابق وصول ہونے والی فیس متعلقہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کو منتقل کی جائے گی۔

