Site icon Tashakur News

مون سون: کراچی سمیت جنوبی اور وسطی پاکستان میں بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

مون سون سسٹم کے زیرِ اثر کراچی سمیت جنوبی اور وسطی پاکستان کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 24 سے 28 جولائی کے دوران سندھ کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپور خاص، عمرکوٹ، تھرپارکر، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، خیرپور اور ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پنجاب میں بھی 24 سے 26 جولائی کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، بہاولپور، رحیم یار خان اور دیگر وسطی علاقوں میں موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔

محکمے کے مطابق شدید بارشیں شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا سبب بن سکتی ہیں، جبکہ آندھی، تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات اور کچے ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، کسانوں کو موسمی صورتحال کے مطابق زرعی سرگرمیاں ترتیب دینے اور مویشی پال حضرات کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ساتھ ہی تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کا بھی کہا گیا ہے۔

Exit mobile version