Site icon Tashakur News

آزاد کشمیر: رانا عزیز الحسن کا مذاکرات کی کامیابی تک انتخابات مؤخر کرنے کا مطالبہ

آزاد کشمیر میں جاری سیاسی صورتحال کے تناظر میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سندھ سرکل کراچی کے صدر رانا عزیز الحسن نے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ فوری اور نتیجہ خیز مذاکرات کیے جائیں اور مذاکرات کامیاب ہونے تک انتخابات مؤخر رکھے جائیں۔

کراچی میں جاری اپنے بیان میں رانا عزیز الحسن نے کہا کہ گزشتہ پندرہ برسوں کے دوران بار بار حکومتوں کی تبدیلی اور سیاسی عدم استحکام نے عوام کے جمہوری نظام پر اعتماد کو متاثر کیا، جس کے باعث نوجوانوں میں احساسِ محرومی بڑھا اور عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی وجود میں آئی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تقریباً بیس روز تک کاروباری سرگرمیوں کی بندش اور گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے جاری احتجاج اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ عوام اپنے حقوق کے لیے متحد ہیں۔ ان کے بقول حکومت کو طاقت کے استعمال کے بجائے عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔

رانا عزیز الحسن نے کہا کہ کراچی معاہدے اور مہاجرین کی نشستوں سے متعلق مطالبات کے علاوہ عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بیشتر مطالبات جائز ہیں اور حکومت کو ان پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے انہیں قبول کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد کی بحالی کے بغیر انتخابی عمل اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس مہاجرین کی مؤثر نمائندگی کی حامی ہے اور کم از کم ہر صوبے میں مہاجرین کے لیے ایک نشست مختص ہونی چاہیے تاکہ ان کے مسائل مؤثر انداز میں متعلقہ فورمز پر پیش کیے جا سکیں۔

رانا عزیز الحسن نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال کے پرامن حل کے لیے مذاکراتی عمل کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام پیدا ہو اور اس کے بعد شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہمیشہ پاکستان اور پاک افواج کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں، خواتین کی گرفتاریوں اور دیگر واقعات کو عالمی سطح پر زیادہ مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھایا جائے تاکہ کشمیری عوام کے مؤقف کو عالمی سطح پر مؤثر نمائندگی مل سکے۔

رانا عزیز الحسن نے کہا کہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس اپنے نظریاتی مؤقف "کشمیر بنے گا پاکستان” پر قائم ہے اور کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کو اپنی قومی جدوجہد کا بنیادی حصہ سمجھتے ہیں۔

Exit mobile version