Site icon Tashakur News

آئی ٹی برآمدات: وزیراعظم نے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر بہتر بنانے اور برآمدات بڑھانے کی ہدایت کردی

آئی ٹی برآمدات میں اضافے اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ سے متعلق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئی ٹی شعبے کے اسٹریٹیجک روڈ میپ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ حکومت کی ڈیجیٹل معیشت سے متعلق پالیسیوں اور اقدامات کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی شعبے کی ترقی اور برآمدات میں مزید اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ آئی ٹی سے متعلق تربیتی کورسز کی معتبر تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے اور تربیت کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے ملک بھر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2025 میں موبائل اسپیکٹرم کی دستیابی 274 میگا ہرٹز تھی، جو جون 2026 تک بڑھ کر 880 میگا ہرٹز ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس اضافے سے انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ "کنیکٹ پاکستان وژن 2030” کے اجرا کی تیاریاں جاری ہیں، جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے ضلع باغ میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک مکمل ہو چکا ہے۔

بریفنگ کے مطابق پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کا تناسب 2024 میں 62 فیصد سے بڑھ کر جون 2026 میں 72 فیصد ہو گیا ہے، جبکہ 51 لاکھ گھروں کو فکسڈ براڈ بینڈ اور فائبر کنکشن فراہم کیے جا چکے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال آئی ٹی شعبے کی برآمدات میں فری لانسرز کا حصہ ایک ارب 16 کروڑ 47 لاکھ امریکی ڈالر رہا، جبکہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان پروگرام کے تحت حکومت کی 130 خدمات کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران آئی ٹی شعبے میں 9 لاکھ 42 ہزار 646 تربیتی سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے، جن میں 5 ہزار 53 ہائی اینڈ تربیتی پروگرام اور لیڈرشپ و سافٹ اسکلز سے متعلق 2 ہزار 700 تربیتی سیشنز شامل ہیں۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ چینی کمپنی علی بابا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے تحت مختلف وفاقی وزارتوں اور اداروں میں مصنوعی ذہانت (AI) کے منصوبوں اور تربیتی پروگراموں پر کام جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی، وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Exit mobile version