سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کیے گئے، جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
مستونگ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کھڈ کوچہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے چھ دہشت گرد ہلاک کر دیے، جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افراد میں مبینہ سہولت کاروں کے علاوہ مرد اور خواتین خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں۔ تاہم حکام نے گرفتار افراد کی شناخت یا ان کے خلاف مقدمات سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
حکام کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کی نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں حالیہ حملوں کے بعد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

