فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرااسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے ریاست اپنے عزم پر قائم رہے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کارروائیاں، عوام کی حمایت کے ساتھ مل کر بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی اور ریاست کسی بھی ایسے انفرااسٹرکچر کو برداشت نہیں کرے گی جو ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم مسلح افواج عوام کے تعاون اور قومی یکجہتی کی بدولت ان کوششوں کو ناکام بنائیں گی۔
عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ قدرتی وسائل، باصلاحیت اور محب وطن عوام سے مالا مال ہے، جو اس کی اصل طاقت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے مختلف عوامی فلاحی اور جامع منصوبوں پر عمل درآمد کر رہی ہیں، جن کا مقصد صوبے کی ترقی کو تیز کرنا ہے۔
فیلڈ مارشل نے قومی یکجہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد، ثابت قدمی اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے امن، استحکام، ترقی اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

