Site icon Tashakur News

مون سون الرٹ: سندھ میں 25 جولائی تک بارشوں کا امکان، انتظامیہ ہائی الرٹ

سندھ میں مون سون الرٹ جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے اور ممکنہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کا حکم دیا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ نے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بعد صوبے کے 23 اضلاع کے لیے موسمیاتی ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ حکام کے مطابق 23 سے 25 جولائی تک سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والے مون سون ہوائی سلسلے اور مغربی موسمی نظام کے اثرات کے باعث سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ڈپٹی کمشنرز، ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں، محکمہ آبپاشی، صحت، امدادی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ہنگامی ٹیمیں تیار رکھیں، نکاسی آب کے نظام کو فعال بنائیں اور شہریوں و املاک کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔

انہوں نے حساس علاقوں، نشیبی مقامات اور شہری مراکز کی نگرانی بڑھانے، امدادی سامان اور مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اور تمام اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھنے پر زور دیا۔

جنوبی اور وسطی سندھ میں موسلا دھار بارش کا امکان

پی ڈی ایم اے کی ایڈوائزری کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہٰیار، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو اور شہید بینظیرآباد میں 23 سے 25 جولائی کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر درمیانی سے موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

بالائی سندھ میں بارش کی پیش گوئی

گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، خیرپور، نوشہرو فیروز اور ٹھٹھہ میں 23 اور 24 جولائی کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔

کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین روز کراچی ڈویژن میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم بادلوں میں اضافے کے باعث بعض علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

23 اور 24 جولائی کو جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ بوندا باندی کا امکان ہے، جبکہ 25 جولائی کو مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش کے امکانات موجود ہیں۔ اس دوران جنوب مغربی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے سندھ نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری، آلات اور افرادی قوت کی دستیابی یقینی بنادی ہے۔

کراچی، جامشورو اور سکھر میں امدادی مراکز اور ہنگامی ٹیموں کے لیے ضروری مشینری تعینات کردی گئی ہے تاکہ بارشوں کے دوران فوری کارروائی ممکن بنائی جاسکے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں، گرج چمک اور آسمانی بجلی سے کمزور بنیادی ڈھانچے، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سائن بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے شہریوں اور کاشتکاروں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں، مویشیوں، عوامی تنصیبات اور ضروری خدمات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

سید مراد علی شاہ نے تمام متعلقہ اداروں کو چوبیس گھنٹے صورتحال کی نگرانی کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

Exit mobile version