Site icon Tashakur News

ایچ آئی وی: متاثرہ بچوں اور خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، سعید غنی

کراچی میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں اور ان کے اہلخانہ کی مدد کے لیے سندھ حکومت نے تمام وسائل بروئے کار لانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ وزیر محنت، افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور انہیں علاج معالجے سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

سعید غنی نے یہ بات جمعرات کو سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو، فوکل پرسن ڈاکٹر سعادت میمن اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سیسی کے اسپتالوں میں بچوں میں ایچ آئی وی کیسز، اسکریننگ کے عمل اور متاثرہ بچوں و خاندانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ حکام نے صوبائی وزیر کو علاج، ادویات کی فراہمی اور دیگر اقدامات سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی۔

وزیر محنت سندھ کو آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ، سیسی اسپتالوں کی صورتحال، بینظیر مزدور کارڈ، ادویات اور طبی سامان کی فراہمی سمیت مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔

سعید غنی نے ہدایت کی کہ سیسی کے زیر انتظام تمام اسپتالوں میں مزدوروں اور ان کے اہلخانہ کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اور ادویات کی دستیابی میں کسی قسم کی کمی نہ آنے دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری اور کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ مزدور طبقے کو معیاری علاج کی سہولت مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاج معالجے میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور سیسی گورننگ باڈی کے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور مکمل علاج کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

Exit mobile version