چہلم سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا، جس میں جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ، رینجرز کے نمائندگان، میٹروپولیٹن کمشنر کراچی، سی ای او واٹر بورڈ، ڈی جی ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مختلف اداروں نے وزیر داخلہ کو سیکیورٹی پلان اور انتظامی اقدامات پر الگ الگ بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ہدایت کی کہ چہلم کے دوران جامع سیکیورٹی پلان پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے راستوں، امام بارگاہوں، داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر سیکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی ہو سکے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مرکزی جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لیا جائے، جبکہ جلوسوں کے راستوں پر پانی، صفائی اور ریسکیو 1122 کی خدمات کی فراہمی کے لیے بھی جامع حکمت عملی اختیار کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے اجلاس کو بتایا کہ چہلم کے موقع پر صوبے بھر میں غیر معمولی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور تمام اضلاع کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کی کڑی نگرانی، انٹیلی جنس بیسڈ اقدامات اور فوری رسپانس کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
آئی جی سندھ کے مطابق ضلعی پولیس افسران علماء، منتظمین اور ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ چہلم کے دوران پرامن ماحول برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے گی، جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول مانیٹرنگ، سرچ، سویپ اور اسنیپ چیکنگ کے اقدامات بھی مزید مؤثر بنائے جائیں گے۔

