موٹر سائیکل لفٹنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے ایسٹ زون کی محمود آباد پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کی نشاندہی پر چار مسروقہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔
ایسٹ پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائیاں کرتے ہوئے غلام قادر، محمد عرفان اور محمد سرفراز کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان کی نشاندہی پر چار چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی موٹر سائیکلیں تھانہ محمود آباد اور دیگر تھانوں کی حدود سے چوری کی گئی تھیں۔ تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ گرفتار ملزمان اس سے قبل بھی تھانہ محمود آباد، کورنگی اور ڈیفنس کے علاقوں میں مختلف مقدمات میں گرفتار ہو چکے ہیں۔
پولیس نے ملزمان کو ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مزید تفتیش کے لیے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (AVLC) کے حوالے کر دیا ہے، جہاں ان سے موٹر سائیکل چوری کی دیگر وارداتوں کے بارے میں بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔

