Site icon Tashakur News

نقب زنی: مومن آباد پولیس نے چند گھنٹوں میں 36 لاکھ روپے برآمد کر لیے، مدعی کا قریبی دوست گرفتار

نقب زنی کی واردات کے بعد مومن آباد پولیس نے چند گھنٹوں کے اندر کارروائی کرتے ہوئے چوری ہونے والے 36 لاکھ روپے برآمد کر لیے، جبکہ واردات میں ملوث مدعی مقدمہ کے قریبی دوست کو بھی گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزم ذیشان نے اپنے دوست فیاض خان، جو موبائل فون کے تاجر ہیں، کے گھر اس وقت نقب زنی کی جب اہلِ خانہ آبائی گاؤں گئے ہوئے تھے۔ مدعی فیاض خان کاروباری مصروفیات کے باعث کراچی میں موجود تھے اور گھر و کاروبار کی نگرانی کر رہے تھے۔

پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی مومن آباد پولیس نے فوری کارروائی شروع کی اور خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ملزم ذیشان کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ ملزم کی نشاندہی پر اس کے گھر میں بجری کے نیچے چھپائی گئی 36 لاکھ روپے کی رقم برآمد کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق واردات کے دوران چوری ہونے والی پوری رقم، یعنی 36 لاکھ روپے، سو فیصد برآمد ہو چکی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے متعلقہ تفتیشی حکام کے حوالے کیا جا رہا ہے، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔

Exit mobile version