Site icon Tashakur News

سی ڈی اے: ای او بی آئی کے ساتھ سیاحت اور ہوٹل انڈسٹری کے مشترکہ منصوبوں کا فیصلہ

اسلام آباد: سی ڈی اے اور ای او بی آئی نے سیاحت، تفریح، ہوٹل انڈسٹری اور دیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جبکہ وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) آئندہ 15 روز میں مجوزہ مشترکہ منصوبوں کا حتمی پلان تیار کریں گے۔

شرکا نے طے کیا کہ 15 روز بعد وفاقی وزراء محسن نقوی اور سالک حسین کی مشترکہ صدارت میں ایک اور اجلاس ہوگا، جس میں اسلام آباد کے لیے سیاحت، تفریح، ہوٹل انڈسٹری اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ وزیراعظم کی حتمی منظوری کے بعد دونوں ادارے مشترکہ منصوبوں پر عملی کام کا آغاز کریں گے۔

اجلاس میں چیئرمین ای او بی آئی جاوید شیخ، چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف اور دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

Exit mobile version