تجاوزات آپریشن کے تحت کراچی میں سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی۔ مشترکہ آپریشن میں ماڑی پور روڈ اور لیاری ایکسپریس وے سے ملحقہ سرکاری زمین پر قائم غیر قانونی تجاوزات مسمار کر دی گئیں، جبکہ واگزاری کا عمل جاری ہے۔
یہ کارروائی کمشنر کراچی حسن نقوی اور ڈپٹی کمشنر کیماڑی کی ہدایات پر کی گئی۔ آپریشن میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی)، ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔
ترجمان محکمہ انسدادِ تجاوزات کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد اور میٹروپولیٹن کمشنر ابرار جعفری کی ہدایات پر شہر میں تجاوزات کے خلاف مہم تیز کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران قبضہ مافیا کا سامان بھی ضبط کیا گیا۔ آپریشن کے دوران مزاحمت کرنے والے دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ بعد ازاں انہیں قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ سرکاری اراضی پر قائم تمام غیر قانونی قبضے مرحلہ وار ختم کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق قبضہ مافیا کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ سرکاری زمین پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سرکاری اراضی کا تحفظ اور قانون پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

