سی ایس ایس امتحان کے لیے رجسٹریشن کرانے والے امیدواروں کی تعداد گزشتہ چار برس میں تقریباً 48 فیصد کم ہو گئی ہے۔
ایف پی ایس سی کے مطابق 2022 میں رجسٹرڈ امیدواروں کی تعداد 35 ہزار 59 تھی۔ 2025 میں یہ تعداد کم ہو کر 18 ہزار 139 رہ گئی۔
امتحان دینے والوں کی تعداد بھی گھٹ گئی
امتحان میں شریک امیدواروں کی تعداد بھی کم ہوئی۔ 2022 میں 20 ہزار 262 امیدوار شریک ہوئے تھے۔ 2025 میں یہ تعداد 12 ہزار 792 رہ گئی۔
منتخب امیدواروں کی تعداد بھی کم ہوئی۔ 2022 میں 239 امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔ 2025 میں صرف 170 امیدوار منتخب ہوئے۔
2025 میں رجسٹرڈ امیدواروں میں سے صرف 0.94 فیصد کامیاب ہوئے۔ امتحان دینے والوں میں کامیابی کی شرح 1.33 فیصد رہی۔
وفاقی ملازمتوں کی درخواستوں میں بھی کمی
ایف پی ایس سی کے مطابق جنرل ریکروٹمنٹ میں بھی درخواستیں کم ہوئیں۔
2023 میں رجسٹریشن 4 لاکھ 36 ہزار 757 تھی۔ 2025 میں یہ تعداد کم ہو کر ایک لاکھ 96 ہزار 193 رہ گئی۔
یہ صرف دو برس میں 55 فیصد سے زیادہ کمی ہے۔
امتحان دینے والوں کی تعداد بھی گھٹ گئی۔ 2023 میں ایک لاکھ 99 ہزار 234 امیدوار شریک ہوئے تھے۔ 2025 میں یہ تعداد 80 ہزار 633 رہ گئی۔
2025 میں صرف 3 ہزار 5 امیدواروں کی سفارش کی گئی۔
مقابلہ اب بھی سخت ہے
اعداد و شمار کے مطابق درخواستیں کم ہونے کے باوجود مقابلہ سخت ہے۔
2025 میں تقریباً 18 ہزار امیدوار صرف 170 سی ایس ایس نشستوں کے لیے مدمقابل تھے۔
اسی طرح جنرل ریکروٹمنٹ میں تقریباً دو لاکھ امیدوار صرف 3 ہزار 5 آسامیوں کے لیے مقابلے میں شامل ہوئے۔

