5 اگست احتجاج کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق ارکان کی اکثریت نے ملک گیر احتجاج کے بجائے ایک بڑے جلسے کے انعقاد کی حمایت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں 5 اگست کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی، جہاں بیشتر ارکان نے رائے دی کہ ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلانے کے بجائے ایک مقام پر جلسہ کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر سمیت متعدد ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ احتجاج کو ایک روزہ جلسے تک محدود رکھنا زیادہ مؤثر حکمت عملی ہو سکتی ہے۔
اجلاس میں شریک ارکان نے یہ بھی تجویز دی کہ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری سے متعلق احتجاج کو جلسے کی حد تک رکھا جائے اور ملک گیر تحریک شروع نہ کی جائے۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ مجوزہ جلسے سے متعلق تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ معلومات سرکاری اعلامیے کے بجائے اجلاس سے متعلق ذرائع کے حوالے سے سامنے آئی ہیں، جبکہ پی ٹی آئی نے اس حوالے سے باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا۔

