سلطان آباد میں ایک رہائشی عمارت کا خطرناک حصہ گرنے کے واقعے کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ حصہ مسمار کر دیا۔
ایس بی سی اے کے مطابق سلطان آباد میں حبیب پبلک اسکول کے قریب واقع پلاٹ نمبر C-108 پر موجود رہائشی عمارت کی بالائی منزل کا ایک بلاک صبح کے وقت گر گیا، جس کے بعد ممکنہ خطرات کے پیش نظر ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے ڈاکٹر وسیم شمشاد نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی ہدایت جاری کی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) فرحان قیصر کی ہدایت پر ایس بی سی اے کی ڈیمولیشن ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور متاثرہ عمارت کے خطرناک حصے کو مکمل طور پر مسمار کر دیا۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ملبہ بھی ہٹا دیا گیا، جس کے بعد علاقے میں کسی بھی ممکنہ حادثے کے خدشات کو کم کر دیا گیا۔
ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے، جبکہ خطرناک اور مخدوش عمارتوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
