Site icon Tashakur News

ای مارکنگ: میٹرک بورڈ کراچی کی ورکشاپ میں 500 سے زائد اساتذہ کو جدید امتحانی نظام کی تربیت

ای مارکنگ کے جدید نظام کو فروغ دینے کے لیے بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے زیرِ اہتمام چار روزہ پروفیشنل ورکشاپ کا ایک اور سیشن کامیابی سے منعقد ہوا، جس میں 500 سے زائد اساتذہ نے شرکت کی۔

بورڈ کی سماعت گاہ میں ہونے والی ورکشاپ کے دوران کیمسٹری اور بائیولوجی کے اساتذہ کو ای مارکنگ، مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی SLO بیسڈ پیپر سیٹنگ اور جدید اسسمنٹ تکنیکوں سے متعلق تربیت دی گئی۔

چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی پروفیسر مشرف علی راجپوت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت بورڈ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق ای مارکنگ کے نفاذ سے امتحانی نظام میں شفافیت، معیار اور کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ورکشاپ کے دوران اساتذہ کو جدید امتحانی نظام اور مؤثر تدریسی و تشخیصی طریقوں سے آگاہ کیا گیا، جس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

سیکرٹری میٹرک بورڈ ڈاکٹر نوید احمد نے کہا کہ اس نوعیت کی تربیتی سرگرمیاں اساتذہ کی مہارتوں کو بہتر بنانے اور معیارِ تعلیم کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

ماسٹر ٹرینر ایم توصیف شاہ نے کہا کہ مستقبل میں بھی بورڈ کے تعاون سے ایسی مزید تربیتی نشستوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ اساتذہ کو جدید تعلیمی رجحانات اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ رکھا جا سکے۔

ماہر تعلیم سید ریحان علی نے کہا کہ اساتذہ کو عملی مثالوں کے ذریعے ای مارکنگ اور جدید تعلیمی تقاضوں سے روشناس کرانا چیئرمین میٹرک بورڈ کا ایک مثبت اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔

ورکشاپ میں ممتاز ماہرینِ تعلیم پروفیسر اشفاق بیگ اور پروفیسر شعیب بھی شریک ہوئے اور اساتذہ کے ساتھ تعلیمی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

Exit mobile version