ایمپلائیز آف دی منتھ پروگرام کے تحت سیکیورٹی ڈویژن نے جون 2026 کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران اور اہلکاروں کا اعلان کر دیا۔ مختلف یونٹس سے تعلق رکھنے والے 11 اہلکاروں کو ان کی پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور اعلیٰ کارکردگی کے اعتراف میں منتخب کیا گیا۔
ترجمان ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے مطابق شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے امیدواروں کی کارکردگی اور رویّے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس عمل میں وقت کی پابندی، نظم و ضبط، دیانت داری، ٹیم ورک، ایس او پیز پر عملدرآمد، اخلاقی کردار، پیشہ ورانہ رویّے، لگن اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت جیسے اہم پہلوؤں کو مدنظر رکھا گیا۔
اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU)، سیکیورٹی-I، سیکیورٹی-II، کورٹ پولیس، پولیس مددگار-15 اور فارنرز سیکیورٹی سیل (FSC) سے موصول ہونے والی نامزدگیوں کا جائزہ لینے کے بعد ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے حتمی فہرست کی منظوری دی۔
جون 2026 کے لیے انسپکٹر دیدار حسین بھٹو، سب انسپکٹر خالق الرحمٰن، سینئر کلرک سید صادق عباس، اسسٹنٹ سب انسپکٹر حسن شیر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر قیصر اقبال، اسسٹنٹ سب انسپکٹر نعمان احمد، اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبدالقادر، ہیڈ کانسٹیبل عبید الرحمٰن، کانسٹیبل محمد فیضان، لیڈی پولیس کانسٹیبل مریم جلال اور ٹیلر ماسٹر شہزیب میمن کو ایمپلائیز آف دی منتھ منتخب کیا گیا۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے منتخب افسران و اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ خدمات، ذمہ داری کے احساس اور محکمانہ کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مستقل مزاجی، فرض شناسی اور بہترین کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی ادارے کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایمپلائیز آف دی منتھ پروگرام کا مقصد سیکیورٹی ڈویژن میں اعلیٰ کارکردگی، جوابدہی اور پیشہ ورانہ معیار کو فروغ دینا ہے۔ بعد ازاں ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب کے دوران منتخب افسران و اہلکاروں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

