Tashakur News

کراچی بار: نومنتخب صدر عامر نواز وڑائچ کی حلیم عادل شیخ سے ملاقات، آئین اور عدلیہ کی آزادی پر زور

کراچی بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر ایڈووکیٹ عامر نواز وڑائچ نے سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈووکیٹ حسیب جمالی اور دیگر سینئر وکلاء کے ہمراہ عادل ہاؤس میں پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں انصاف لائرز فورم سندھ کے صدر ایڈووکیٹ فیصل مغل، جنرل سیکرٹری بیرسٹر علی طاہر، انصاف لائرز فورم کراچی کے صدر ایڈووکیٹ شجاعت علی خان، جنرل سیکرٹری نصر اللہ جلبانی اور دیگر وکلاء بھی شریک ہوئے۔

ایڈووکیٹ عامر نواز وڑائچ نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں حمایت پر حلیم عادل شیخ، انصاف لائرز فورم اور پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ وکلاء برادری کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے انہیں کراچی بار ایسوسی ایشن کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور سندھ کی ثقافت کی علامت اجرک پیش کی۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عامر نواز وڑائچ نے آئین، قانون، عدلیہ کی آزادی اور انصاف کی بالادستی کے لیے اصولی مؤقف اپنایا، جس پر وکلاء برادری نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آئین، قانون، جمہوریت اور انصاف کی بالادستی کے لیے جدوجہد کرنے والوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے بقول، عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے قانون کی حکمرانی، آزاد عدلیہ، شفاف اور غیرجانبدار انتخابات، مضبوط پارلیمان اور بنیادی حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔

حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ وکلاء برادری نے ہر دور میں آئین، جمہوریت، عدلیہ کی آزادی اور شہری حقوق کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، اور موجودہ حالات میں بھی اسی اصولی قیادت کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر کراچی بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر ایڈووکیٹ عامر نواز وڑائچ نے کہا کہ وہ اپنے دورِ صدارت میں وکلاء کے حقوق، عدلیہ کی آزادی، آئین و قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کے لیے مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Exit mobile version