Site icon Tashakur News

ڈاکٹر آکاش قتل: سندھ حکومت کی اہل خانہ سے تعزیت، فائرنگ میں ملوث تین ملزمان گرفتار

کراچی میں ڈاکٹر آکاش کے قتل کے بعد وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کے ہمراہ مرحوم کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزراء مکیش کمار چاؤلہ اور گیان چند اسرانی بھی موجود تھے۔

وزیر داخلہ سندھ نے متاثرہ خاندان سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے مطابق گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دلانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ تفتیش شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ کی بنیاد پر جاری ہے۔ ان کے مطابق حکومت انصاف کی جلد فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، جبکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ڈاکٹر آکاش کی ہلاکت پر پورا شہر غمزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی ترجیح متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنا ہے اور تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ ڈاکٹر آکاش کی وفات پوری برادری اور معاشرے کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور انصاف کی فراہمی تک ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

صوبائی وزیر گیان چند اسرانی نے کہا کہ ڈاکٹر آکاش خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار شخصیت تھے اور ان کی اچانک وفات پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دلانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر، ایس ایس پی آپریشن ساؤتھ مہزور علی اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ توحید میمن کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ کلفٹن کے علاقے تین تلوار کے قریب ڈکیتی کے دوران ڈاکٹر آکاش کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے واقعے کے 36 گھنٹوں کے اندر کارروائی کرتے ہوئے انیل، رام چند اور سریش نامی ملزمان کو ڈیفنس کے علاقے سے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق مشکوک گاڑی کی اطلاع ملنے پر ناکہ بندی کی گئی، گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی تو ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ملزمان کو تھانے منتقل کرنے کے بعد تفتیش کی گئی، جہاں انہوں نے ڈاکٹر آکاش کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Exit mobile version