وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ برادر ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملے ناقابلِ قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور تحفظ کے لیے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اس مشکل وقت میں برادر ملک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے ہر مخلصانہ کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔
دوسری جانب اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے مشرقِ وسطیٰ، بالخصوص یمن کی صورتحال پر ہونے والے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے بھی سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی بھی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور تحمل کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا۔
اس سے قبل سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثیوں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب بیلسٹک میزائل داغے، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے انہیں فضا ہی میں تباہ کر دیا۔
حوثی گروپ نے اس سے قبل سعودی عرب پر صنعا ایئرپورٹ پر فضائی حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ ان کارروائیوں کے نتائج سامنے آئیں گے۔

