وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کے ہمراہ ڈاکٹر آکاش کمار کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔ فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران انہوں نے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء مکیش کمار چاؤلہ اور گیان چند اسرانی بھی موجود تھے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔
ضیاء الحسن لنجار نے بتایا کہ واقعے کی شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بھی ڈاکٹر آکاش کمار کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ پورے کراچی کے لیے باعثِ افسوس ہے اور حکومت سندھ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ ڈاکٹر آکاش کمار کی وفات پوری برادری اور معاشرے کے لیے بڑا صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور انصاف کی فراہمی تک ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
صوبائی وزیر گیان چند اسرانی نے کہا کہ ڈاکٹر آکاش کمار خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار شخصیت تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ واقعے کے ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق سزا دلانے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ مقدمے کی تفتیش ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس تمام دستیاب وسائل استعمال کرتے ہوئے کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے گی اور ذمہ دار ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائے گی۔

