کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر تعزیت کے لیے کراچی میں قطر کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قائم مقام قونصل جنرل علی راشد المری سے خصوصی ملاقات کی اور حکومتِ قطر، شاہی خاندان اور عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کی قیادت، دور اندیشی اور عالمِ اسلام کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے قطر کی ترقی، استحکام اور عالمی سطح پر مثبت کردار کے فروغ میں تاریخی خدمات انجام دیں۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ حکومتِ سندھ اور پاکستان کے عوام اس غم کی گھڑی میں اپنے قطری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام، مغفرت اور جنت الفردوس میں بلند درجات عطا فرمائے، جبکہ سوگوار خاندان، شاہی خاندان اور برادر عوامِ قطر کو صبر و استقامت عطا کرے۔

