قطر کے ایک روزہ دورے پر وزیراعظم شہباز شریف دوحہ پہنچ گئے، جہاں وہ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر امیرِ قطر، شاہی خاندان اور قطری عوام سے اظہارِ تعزیت کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ سابق وزیراعظم نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی قطر پہنچے ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر تعزیت کے ساتھ دونوں برادر ممالک کے باہمی تعلقات سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات، باہمی احترام اور قریبی تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی گزشتہ روز 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، جس پر پاکستان سمیت مختلف ممالک کی جانب سے اظہارِ افسوس اور تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

