Site icon Tashakur News

اے این ایف: ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 کارروائیوں میں 8 ملزمان گرفتار

اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 الگ الگ کارروائیوں میں 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 68 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 79.154 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مسافر کے بیگ اور جوتوں میں جذب کی گئی 3.2 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسی ایئرپورٹ پر ایک اور کارروائی میں کویت جانے والے مسافر کے بیگ سے 1.124 کلوگرام آئس برآمد کر کے اسے بھی حراست میں لے لیا گیا۔

کوئٹہ میں خائی زئی چوک کے قریب ایک گاڑی سے 18 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ جبل نور کے قریب ایک اور کارروائی میں ایک ملزم کے قبضے سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

سکھر میں شکارپور روڈ پر ایک مسافر کے قبضے میں موجود ڈرم سے 22.8 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ پشاور میں یونیورسٹی روڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 3 کلوگرام چرس قبضے میں لی گئی۔

سیالکوٹ میں بس ٹرمینل کے قریب دو ملزمان کے قبضے سے 630 گرام چرس اور 400 گرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ کراچی کے ایک کوریئر آفس میں موجود پارسل سے 18 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Exit mobile version