کراچی: میٹر رکشے چلانے کے فیصلے کے تحت کراچی ٹریفک پولیس نے شہر میں بغیر میٹر رکشوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق مستقبل میں صرف وہی رکشے سڑکوں پر چل سکیں گے جن میں میٹر نصب ہوگا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں رکشوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہر قسم کے رکشوں کے لیے میٹر کی شرط نافذ کی جائے گی۔
پیر محمد شاہ نے کہا کہ رکشوں میں میٹر نصب کرنے کے لیے جلد تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ میٹرز کی تنصیب کے بعد رکشوں کی لین مینجمنٹ، پارکنگ کے انتظامات اور مخصوص لین بنانے کے منصوبے پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے رکشوں کی آمدورفت کو منظم کرنا ضروری ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت مل سکے اور سڑکوں پر ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے۔

