Site icon Tashakur News

سندھ طاس معاہدہ: سعید غنی نے بھارتی آبی اقدامات کے خلاف 12 جولائی کو کراچی بھر میں احتجاجی ریلیوں کا اعلان

کراچی: سندھ طاس معاہدہ کے مبینہ خلاف ورزی اور بھارتی آبی اقدامات کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی نے 12 جولائی کو کراچی کے تمام اضلاع میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر محنت، افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر "مرسوں مرسوں، سندھو نہ دیسو” کے عنوان سے شہر بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ان ریلیوں میں پیپلز پارٹی کے صوبائی اور کراچی ڈویژن کے رہنما، عہدیداران، منتخب نمائندے اور عوام بھرپور شرکت کریں گے۔

سعید غنی نے الزام عائد کیا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آبی دہشتگردی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ عالمی بینک کی ثالثی میں طے پانے والے سندھ طاس معاہدے کے آرٹیکل 12 کے تحت اس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق اگر آبی تنازع بڑھتا ہے تو اس سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ اور جنگ جیسے حالات پیدا ہونے کا خدشہ ہو سکتا ہے۔

سعید غنی کے یہ بیانات پاکستان پیپلز پارٹی کے مؤقف کی عکاسی کرتے ہیں۔ بھارتی حکومت کی جانب سے اس بیان پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Exit mobile version