Site icon Tashakur News

اساتذہ بھرتیاں: سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے اہم فیصلے، جے ایس ٹی، پی ایس ٹی اور ای سی ٹی تقرریوں کی منظوری

کراچی: اساتذہ بھرتیاں سے متعلق سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے اہم فیصلے کرتے ہوئے جونیئر سائنس ٹیچرز (JST) اور ارلی چائلڈ ٹیچرز (ECT) کی تقرریوں کا عمل تیز کرنے اور ویٹنگ لسٹ سے متعلق قانونی رائے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ، قائد حزب اختلاف علی خورشیدی، اراکین سندھ اسمبلی جمیل احمد سومرو، تنزیلہ ام حبیبہ، محمد شبیر قریشی، محمد راشد خان، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز میں وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے پی ایس ٹی، جے ایس ٹی، ویٹنگ لسٹ، جونیئر سائنس ٹیچرز اور ارلی چائلڈ ٹیچرز کی بھرتیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے سندھ ہائی کورٹ کے متعلقہ فیصلوں اور ٹیسٹ نتائج کی روشنی میں بھرتیوں کی موجودہ صورتحال سے بھی کمیٹی کو آگاہ کیا۔

اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام اور ان پر مکمل عملدرآمد تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے محکمہ قانون سے یہ واضح کرنے کی ہدایت کی کہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کا اطلاق صرف درخواست گزاروں پر ہوگا یا تمام ویٹنگ امیدواروں پر۔ اس سلسلے میں محکمہ قانون سے تفصیلی قانونی رائے طلب کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی مشترکہ خواہش ہے کہ تمام اہل امیدواروں کو میرٹ اور قانون کے مطابق مناسب ریلیف فراہم کیا جائے۔

اجلاس میں ویٹنگ لسٹ سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ رکن سندھ اسمبلی جمیل احمد سومرو نے تجویز دی کہ قانونی تقاضوں اور خالی آسامیوں کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے ویٹنگ لسٹ ختم کرنے اور اہل امیدواروں کو روزگار فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔

کمیٹی نے ارلی چائلڈ ٹیچرز (ECT) کی بھرتیوں پر بھی غور کیا۔ اسپیکر نے تجویز دی کہ اہلیت کے معیار سے متعلق تمام قانونی اور انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل امیدواروں، خصوصاً خواتین، کو میرٹ کے مطابق ریلیف دیا جا سکے۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ٹی اور جے ایس ٹی ویٹنگ امیدواروں سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے محکمہ قانون سے تفصیلی لیگل اوپینین حاصل کی جائے گی۔

کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ اسکولوں میں سائنس تعلیم کے فروغ کے پیش نظر جونیئر سائنس ٹیچرز کے لیے آئی بی اے ٹیسٹ میں مقررہ 55 پاسنگ مارکس حاصل کرنے والے تمام امیدواروں کو بھرتی کیا جائے گا۔ اسی طرح ارلی چائلڈ ٹیچرز (ECT) کے لیے بھی مقررہ پاسنگ مارکس حاصل کرنے والے کامیاب امیدواروں کو فوری تقرری کے احکامات جاری کیے جائیں گے، جبکہ باقی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل آئندہ تین ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔

اجلاس کے اختتام پر اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے اعلان کیا کہ خصوصی کمیٹی کا آئندہ اجلاس 5 اگست 2026 کو منعقد ہوگا۔

Exit mobile version