Site icon Tashakur News

آن لائن فراڈ: ایف آئی اے نے سری لنکا جانے والی خاتون کو کراچی ایئرپورٹ پر آف لوڈ کر دیا

کراچی: آن لائن فراڈ سے مبینہ تعلق کے شبے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن حکام نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سری لنکا جانے والی ایک خاتون مسافر کو آف لوڈ کر کے مزید تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق مسافرہ کی شناخت فاطمہ ساجد دختر ساجد وحید، رہائشی لاہور، کے طور پر ہوئی۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران اس کے مشکوک سفری حالات سامنے آنے پر حکام نے اسے تفصیلی جانچ کے لیے روک لیا۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ میں مسافرہ نے بتایا کہ وہ پہلے کمبوڈیا میں چینی شہریوں کے زیر انتظام ایک مبینہ آن لائن اسکیمنگ نیٹ ورک میں کام کر چکی ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ ملازمت کا جھانسہ دے کر اس سے دو لاکھ روپے وصول کیے گئے، جبکہ ویزا اور ٹکٹ کا انتظام بھی اسی گروہ نے کیا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق مسافرہ نے اعتراف کیا کہ جعلی AliExpress پلیٹ فارم اور Telegram کے ذریعے مصری شہریوں کو سرمایہ کاری کے نام پر مبینہ طور پر آن لائن فراڈ کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ اہداف مکمل کرنے پر چینی آپریٹرز تنخواہ اور کمیشن ادا کرتے تھے۔

ترجمان نے کہا کہ مسافرہ نے اس نیٹ ورک میں ہیومن ریسورسز کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں اور متعدد پاکستانی شہریوں کو اسی کمپنی میں بھرتی کیا۔ اس کے مطابق اس کا ایک دوست، وکٹر، اسے سری لنکا بلا رہا تھا، جہاں اسی نوعیت کی ایک اور کمپنی میں ملازمت کی پیشکش کی گئی تھی۔

ایف آئی اے کے مطابق مسافرہ کے موبائل فون کے فرانزک تجزیے سے مبینہ آن لائن فراڈ، جعلی پلیٹ فارمز، ٹیلیگرام چیٹس اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد حاصل ہوئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں انسانی اسمگلنگ، بین الاقوامی سائبر فراڈ اور منظم ٹرانس نیشنل جرائم سے ممکنہ تعلقات کے اشارے ملے ہیں۔ تاہم ان الزامات کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ایف آئی اے نے خاتون کو آف لوڈ کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا ہے۔

Exit mobile version