کراچی: مغوی بچہ کورنگی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے صرف 12 گھنٹوں کے اندر بحفاظت بازیاب کر لیا۔ پولیس کے مطابق 10 سالہ خضر ولد دانش کو 9 جولائی کو تھانہ سعود آباد کی حدود میں آر سی ڈی گراؤنڈ کے قریب اس کے گھر کے باہر سے نامعلوم ملزمان مبینہ طور پر کار میں اغوا کرکے فرار ہو گئے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی کورنگی نے ایس ایچ او سعود آباد کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم نے جدید ٹیکنیکل ذرائع، مقامی انٹیلی جنس اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے مختلف مقامات پر فوری کارروائیاں شروع کیں۔
پولیس کے مطابق مسلسل انٹیلی جنس بیسڈ چھاپوں کے نتیجے میں بچے کو صرف 12 گھنٹوں کے اندر ماڈل کالونی کے قریب فالکن کالونی سے بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔
پولیس نے بازیاب ہونے والے بچے کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اس کے اہلِ خانہ کے حوالے کر دیا۔
ترجمان کورنگی پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپہ مار کارروائیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔

