کراچی: کیماڑی پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 27 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران اسلحہ، منشیات اور گٹکا ماوا بھی برآمد کیا گیا۔
پولیس نے غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف جاری مہم کے دوران 10 افغان باشندوں کو حراست میں لیا۔ حکام کے مطابق ان کے قانونی اسٹیٹس کی جانچ اور دیگر کارروائی جاری ہے۔
کیماڑی پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں چار اسٹریٹ کریمنلز، چار منشیات فروش، چار گٹکا سپلائر اور فروش، ایک مفرور ملزم، 10 غیرقانونی افغان شہری اور دیگر جرائم میں ملوث چار ملزمان شامل ہیں۔
پولیس نے کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے پانچ غیرقانونی پستول، 5,200 گرام چرس، 586 گرام آئس اور 165 کلو گرام گٹکا ماوا برآمد کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے ممکنہ ساتھیوں اور جرائم کے نیٹ ورک سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔

