Site icon Tashakur News

پولیس مقابلہ: کراچی کے سیکٹر ساڑھے 11 میں مبینہ ڈکیت گینگ کے چار ملزمان گرفتار، ایک زخمی

کراچی: پولیس مقابلہ میں ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے تھانہ اقبال مارکیٹ کی حدود، سیکٹر ساڑھے 11 میں مبینہ ڈکیت گینگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم زخمی ہوا، جبکہ تین دیگر کو بحفاظت حراست میں لے لیا گیا۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت محمد عثمان ولد زکریا کے نام سے ہوئی، جبکہ دیگر گرفتار ملزمان میں علی رحمت ولد رحمت، شعیب ولد شریف اور مبین ولد ذوالفقار شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے تین غیر قانونی پستول، ایمونیشن، چلیدہ خول، شہریوں سے چھینے گئے موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی۔ پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال دو موٹرسائیکلیں بھی تحویل میں لے لیں اور ان کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

پولیس نے زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا، جبکہ دیگر گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرنے کا عمل جاری ہے۔ پولیس ان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی جمع کر رہی ہے تاکہ مزید تفتیش کو آگے بڑھایا جا سکے۔

Exit mobile version