Site icon Tashakur News

تیل چوری: آئی جی سندھ کا کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم، ملوث اہلکاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا اعلان

تیل چوری کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے انسپکٹر جنرل سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں جاری انسدادی اقدامات، مقدمات اور گرفتاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ اور اے آئی جی آپریشنز نے بالمشافہ شرکت کی، جبکہ لاڑکانہ اور حیدرآباد کے ڈی آئی جیز اور متعلقہ اضلاع کے ایس ایس پیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔ شرکاء کو مختلف رینجز میں تیل چوری کے خلاف جاری کارروائیوں، گرفتار ملزمان، درج مقدمات اور دیگر اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ہدایت کی کہ تیل چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس غیرقانونی سرگرمی میں ملوث کمپنیوں کے فیلڈ اسٹاف، سہولت کاروں اور دیگر کرداروں کو بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ جن علاقوں میں مسلسل تیل چوری کی شکایات موصول ہوں گی، وہاں تعینات متعلقہ ایس ایچ اوز کو ملازمت سے برخاست کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی افسر یا اہلکار کی غفلت یا ملی بھگت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کے ساتھ فوجداری مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔

آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ آئندہ تیل چوری کی ہر شکایت پر متعلقہ ڈی آئی جی کی سربراہی میں فوری طور پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے۔ انہوں نے آئل پائپ لائنز کی نگرانی، فوری رسپانس اور تیل چوری کی روک تھام کے لیے جامع اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) مرتب کرنے کی بھی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ تیل چوری کے نیٹ ورکس، سہولت کاروں اور مالی معاونین کے خلاف مربوط کارروائیاں کی جائیں، جبکہ تمام رینج ڈی آئی جیز اور ضلعی پولیس سربراہان جاری آپریشنز کی باقاعدہ نگرانی کو یقینی بنائیں۔

جاوید عالم اوڈھو نے زور دیا کہ تیل چوری کے مقدمات کی مضبوط تفتیش کی جائے تاکہ ملزمان کو قانون کے مطابق سزائیں دلائی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل چوری قومی معیشت کو نقصان پہنچانے والا سنگین جرم ہے اور اس میں ملوث کسی بھی شخص کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت مربوط، مؤثر اور نتیجہ خیز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

Exit mobile version