Site icon Tashakur News

ام رباب: آبائی گاؤں میں فائرنگ، قریبی رشتہ دار جاں بحق؛ سندھ حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ

ام رباب چانڈیو نے کہا ہے کہ ان کے آبائی گاؤں میں ایک بار پھر خونریز واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر مسلح افراد نے جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ ان کے مطابق اس حملے میں ان کے قریبی رشتہ دار، جو ان کے کزن کے شوہر تھے، جاں بحق ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے والد، دادا اور چچا کے قتل کے بعد یہ ایک اور افسوسناک سانحہ ہے، جس نے ان کے خاندان کو دوبارہ غم میں مبتلا کر دیا ہے۔

ام رباب چانڈیو کے مطابق، کچھ عرصہ قبل جیل سے رہائی پانے والے مرتضیٰ عرف "مرتو” نے مبینہ طور پر مسلح افراد کے ہمراہ فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ متعدد بار پہلے بھی یہ مؤقف اختیار کر چکی ہیں کہ اگر انہیں یا ان کے خاندان کے کسی فرد کو نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری سردار چانڈیو اور ان کے ساتھیوں پر ہوگی۔

ام رباب چانڈیو نے سندھ حکومت اور سندھ پولیس سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، تمام ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔

Exit mobile version