Site icon Tashakur News

پیتھم: صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ کا پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کا دورہ، سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت

پیتھم میں تربیتی معیار اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے سندھ کے صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید ذوالفقار علی شاہ نے کراچی میں واقع پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ (PITHAM) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری ثقافت و سیاحت خیر محمد کلوڑ اور ڈائریکٹر پیتھم نیاز محمد مالکانی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے ادارے کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور کچن سمیت جاری پیشہ ورانہ کورسز، تربیتی نظام اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے نئے شیفز کی تیار کردہ مختلف ڈشز کا بھی جائزہ لیا اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

سید ذوالفقار علی شاہ نے ادارے میں تعلیمی اور تربیتی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ میرٹ، معیاری تعلیم اور جدید سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ طلبہ کو عالمی معیار کے مطابق تربیت فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پیتھم سے تربیت حاصل کرنے والے طلبہ نہ صرف ملک کے بڑے ہوٹلوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں بلکہ کئی نوجوان بیرونِ ملک بھی روزگار حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے منشور کے مطابق سندھ حکومت نوجوانوں کو جدید ہنر فراہم کرکے انہیں بااختیار بنانے اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

Exit mobile version