Tashakur News

واسو گینگ: بلال کالونی پولیس کی بڑی کارروائی، اسٹریٹ کرائم میں ملوث دو اہم ملزمان گرفتار

واسو گینگ کے خلاف ڈسٹرکٹ سینٹرل ویسٹ زون کی بلال کالونی پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم میں ملوث دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اسامہ عرف بندر اور بابر عرف علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والے 30 بور کے دو پستول، ڈکیتی میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل، نو چھینے گئے موبائل فون، ایک اسکول بیگ اور لوٹی گئی نقد رقم برآمد کر لی گئی۔

ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے تھانہ بلال کالونی کی حدود سیکٹر 5-D میں 30 سالہ شہری سید فیصل کو اسلحے کے زور پر لوٹنے کی واردات کا اعتراف کیا۔ اس واقعے کا مقدمہ نمبر 393/2026 تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 392، 397 اور 34 کے تحت درج ہے۔ پولیس نے اس مقدمے میں چھینا گیا موبائل فون، واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور لوٹی گئی نقد رقم بھی برآمد کر لی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزمان نے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ واسو گینگ چھ افراد پر مشتمل ہے، جو کافی عرصے سے بلال کالونی اور گردونواح میں شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹنے کی وارداتوں میں سرگرم تھا۔

پولیس نے ملزمان کی مختلف وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے، جبکہ برآمد ہونے والے موبائل فونز کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے تاکہ اصل مالکان کی شناخت ممکن بنائی جا سکے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان اس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔ ان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے، جس کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ واسو گینگ کے دیگر مفرور ارکان، سہولت کاروں اور مزید وارداتوں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

Exit mobile version