بن قاسم انڈسٹریل زون کے دورے کے دوران انسپکٹر جنرل سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے صنعتی علاقوں میں سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے، جدید نگرانی کے نظام کو فروغ دینے اور سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں کا امن ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آئی جی سندھ نے بن قاسم ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (BQATI) کا دورہ کیا، جہاں پیٹرن اِن چیف میاں محمد احمد، صدر شکیل اشفاق، عبدالرشید جان محمد، کوفاؤنڈر عثمان احمد، نائب صدر افتخار احمد، محمود مولوی، چھیلا رام اور دیگر صنعت کاروں نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر چیف سی پی ایل سی زبیر حبیب، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، اے آئی جی میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز اور ایس ایس پی ملیر بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوران آئی جی سندھ کو بن قاسم انڈسٹریل زون کی مجموعی صورتحال، صنعتی سرگرمیوں، سیکیورٹی انتظامات اور مستقبل کی ضروریات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صنعت کاروں نے سندھ، خصوصاً کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور جرائم کی روک تھام کے لیے سندھ پولیس کی کارکردگی کو سراہا، جبکہ سیکیورٹی، پولیسنگ اور ٹریفک مینجمنٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔
صنعت کاروں نے بتایا کہ تقریباً 25 ہزار ایکڑ پر محیط بن قاسم انڈسٹریل زون ملک کا تیزی سے ترقی کرتا ہوا صنعتی مرکز ہے، جہاں توانائی، ویئر ہاؤسنگ، رائس ملز، پیٹرولیم، چینی سرمایہ کاری اور دیگر صنعتیں سرگرم ہیں۔ انہوں نے بڑھتی ہوئی صنعتی سرگرمیوں کے پیش نظر مزید پولیس گشت، اسنیپ چیکنگ، اضافی تھانوں کے قیام اور تجاوزات کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کراچی کی معاشی ترقی میں صنعت کاروں اور تاجر برادری کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے کاروباری طبقے، صنعتی مراکز اور سرمایہ کاری کا تحفظ سندھ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی ملیر کو صنعت کاروں سے مسلسل رابطہ رکھنے، فوری رسپانس اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک کو صنعتی علاقوں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور ہیوی ٹریفک مینجمنٹ مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس، سی پی ایل سی اور سی پی کے کے باہمی تعاون سے صنعتی علاقوں میں اسمارٹ مانیٹرنگ، سی سی ٹی وی کوریج اور انٹیلی جنس نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
آئی جی سندھ نے بن قاسم ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور پولیس کے درمیان فوری رابطے کے لیے خصوصی واٹس ایپ گروپ قائم کرنے اور ایس ایس پی ملیر کو فوکل پرسنز مقرر کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے صنعت کاروں پر زور دیا کہ وہ سی پی کے کے تعاون سے اہم صنعتی علاقوں اور داخلی و خارجی راستوں پر جدید کیمرے نصب کریں تاکہ بعد ازاں مشترکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جدید کیمرے افرادی قوت کے مقابلے میں زیادہ مؤثر نتائج دیتے ہیں اور یہی نظام جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ پولیس جلد ایک نئی موبائل ایپلیکیشن متعارف کرائے گی، جس میں پولیس ویریفکیشن، ملازمین کی ویریفکیشن، ڈرائیونگ لائسنس، پولیس کلیئرنس اور دیگر شہری سہولیات دستیاب ہوں گی۔
آئی جی سندھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کمیونٹی پولیسنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ پولیسنگ کو مزید مضبوط بنا کر اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر جرائم کے مؤثر سدباب کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کو محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

