Tashakur News

پولیو مہم: ایس ایس پی کیماڑی اور ڈی سی کا سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ، والدین کو ویکسینیشن پر آمادہ کیا

پولیو مہم کے دوران ضلع کیماڑی میں سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کے لیے ایس ایس پی کیماڑی نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کیماڑی کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ دونوں حکام نے مہم کی پیش رفت، حفاظتی اقدامات اور پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ایس ایس پی اور ڈی سی کیماڑی نے ان والدین سے بھی ملاقات کی جنہوں نے ابتدا میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا تھا۔ حکام نے انہیں پولیو ویکسین کی افادیت، بچوں کی صحت کے تحفظ اور بیماری کے خاتمے کی اہمیت سے آگاہ کیا، جس کے بعد انہیں اپنے بچوں کی ویکسینیشن کے لیے رضامند کیا گیا۔

حکام نے پولیو مہم پر تعینات پولیس افسران، اہلکاروں اور پولیو ورکرز سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے سیکیورٹی سے متعلق ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے دوران ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ ہر بچے تک بلا رکاوٹ رسائی ممکن ہو سکے۔

کیماڑی پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔

Exit mobile version