ریسکیو اور ہنگامی طبی خدمات انجام دینے والے پیرا میڈکس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مشیر وزیراعلیٰ سندھ برائے محکمہ بحالی گیانچند ایسرانی نے کہا ہے کہ وہ ہر ہنگامی صورتحال میں انسانی جانیں بچانے کے لیے صفِ اول میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے عالمی یومِ پیرا میڈکس کے موقع پر سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122، موبائل ہیلتھ اینڈ ڈائیگناسٹک سروسز سندھ اور دیگر ہنگامی طبی اداروں سے وابستہ تمام پیرا میڈیکل عملے کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 سندھ کے پیرا میڈکس اور ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز حادثات، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی حالات میں متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہیں۔ یہ عملہ جائے حادثہ پر ابتدائی طبی امداد دیتا ہے، مریض کی حالت مستحکم کرتا ہے اور بروقت اسپتال منتقل کرکے قیمتی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
گیانچند ایسرانی نے کہا کہ محرم الحرام، بارشوں، سیلابی صورتحال، سڑک حادثات اور دیگر ایمرجنسی مواقع پر ریسکیو 1122 کے پیرا میڈکس نے پیشہ ورانہ مہارت اور جذبۂ خدمت کا عملی مظاہرہ کیا، جس سے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو مؤثر بنایا گیا۔
انہوں نے موبائل ہیلتھ اینڈ ڈائیگناسٹک سروسز سندھ کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں لوگوں کی دہلیز پر بنیادی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ ان کے مطابق موبائل ہیلتھ یونٹس میں خدمات انجام دینے والے پیرا میڈکس، نرسنگ اسٹاف اور طبی معاونین ہزاروں افراد کو طبی معائنہ، تشخیص، ادویات اور صحت سے متعلق مشاورت فراہم کر رہے ہیں، جس سے خواتین، بزرگوں، بچوں اور کم آمدنی والے خاندانوں کو نمایاں فائدہ پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ پیرا میڈکس 2026 کا موضوع "Innovate & Integrate” جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارت اور مربوط طبی خدمات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ ان کے مطابق جدید نظام اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے ہنگامی طبی سہولیات کو مزید مؤثر، تیز رفتار اور عوام دوست بنایا جا سکتا ہے۔

