گٹکا ماوا کے خلاف کراچی کے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں مختلف پولیس کارروائیوں کے دوران پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ نیو کراچی میں مبینہ طور پر گٹکا ماوا تیار کرنے والا ایک کارخانہ بھی بے نقاب کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ترجمان کے مطابق ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایات پر لیاقت آباد، گلبہار اور نیو کراچی تھانوں کی پولیس نے الگ الگ کارروائیاں کیں۔
تھانہ لیاقت آباد پولیس نے نوید کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 25 گٹکا ماوا کی پڑیاں برآمد کیں۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
تھانہ گلبہار پولیس نے ایک کارروائی میں صابر حسین کو گرفتار کیا، جسے پولیس نے ریپیٹڈ آفینڈر قرار دیا۔ ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے 20 گٹکا ماوا کی پڑیاں برآمد ہوئیں اور اس کے خلاف بھی متعلقہ قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
تھانہ نیو کراچی پولیس نے ایک مبینہ گٹکا ماوا تیار کرنے والے کارخانے پر چھاپہ مار کر شایان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 200 پٹیاں پیک شدہ گٹکا ماوا، تیار شدہ مواد، تمباکو، چونا، تقریباً 3 کلو 200 گرام چھالیہ، پیکنگ میٹریل، خالی ریپر، ڈیجیٹل کانٹا، برتن اور دیگر سامان کے علاوہ 2,500 روپے نقد برآمد کیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کے ذریعے مبینہ غیر قانونی سپلائی نیٹ ورک کو ناکام بنایا گیا، جبکہ ملزم کے خلاف گٹکا ماوا ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
اسی دوران نیو کراچی پولیس نے نئی آئی آر لسٹ کی بنیاد پر دو مزید کارروائیاں کرتے ہوئے مطلوب ملزمان حمزہ اور فیضان عرف ساکھوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کے قبضے سے بالترتیب 18 اور 30 گٹکا ماوا کی پڑیاں برآمد ہوئیں، جبکہ ان کے خلاف بھی مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس مضرِ صحت اشیا کی تیاری، فروخت اور سپلائی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

