گروپ کیپٹن عاصم طارق کی نمازِ جنازہ میں پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر سدھو، پاک فضائیہ کے سینئر افسران، جوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید افسر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف دی ایئر سٹاف ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی قربانی پاکستان ایئر فورس اور پاکستان کی مسلح افواج کی بہترین روایات کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید افسر نے ایک شہری کی جان بچاتے ہوئے فرض شناسی، جرات اور ایثار کی اعلیٰ مثال قائم کی، جو آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ رہے گی۔
ایئر چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ نہ صرف ملکی فضائی حدود کے دفاع بلکہ شہریوں کی جان، عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے بھی ہر وقت تیار اور پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی بے مثال قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر رہے گی۔

