ایس ایم ایز کے فروغ اور ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سمیڈا کے جائزہ اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں (SMEs) کو قرضوں کی فراہمی آسان بنانے اور ان کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں ملکی معیشت، روزگار کے مواقع اور برآمدات میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، اس لیے انہیں مالی وسائل تک آسان رسائی فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کسانوں کی اجناس اور پھلوں کی پراسیسنگ سے متعلق صنعتوں کو آگاہی، تربیت اور قرضوں کی فراہمی میں سہولت دی جائے تاکہ زرعی شعبے کی پیداوار میں اضافہ اور ویلیو ایڈیشن کو فروغ مل سکے۔
شہباز شریف نے کمرشل بینکوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ وہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے لیے خصوصی قرضہ جاتی مصنوعات متعارف کرائیں اور کاروباری افراد کی ضروریات کے مطابق مالی سہولیات فراہم کریں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز کو فیزیبیلٹی رپورٹس کی تیاری، منصوبہ بندی اور دیگر تکنیکی مراحل میں بھی معاونت فراہم کی جائے تاکہ نئے کاروبار کے قیام میں حائل مشکلات کم کی جا سکیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایس ایم ایز کی ترقی کی راہ میں موجود رکاوٹوں کو ہنگامی بنیادوں پر دور کرنا ناگزیر ہے اور سمیڈا نوجوانوں، بالخصوص خواتین کاروباری افراد، کو نئے صنعتی و کاروباری منصوبے شروع کرنے میں بھرپور معاونت فراہم کرے۔
اجلاس کے دوران سمیڈا حکام نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی معاونت اور ان کی ترقی کے لیے جاری مختلف اقدامات اور آئندہ کے منصوبوں پر وزیرِ اعظم کو بریفنگ بھی دی۔

