بی ایل اے سے مبینہ تعلق رکھنے والے دو افراد کو کراچی میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور ایک وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے ذریعے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے چار کلو بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، پرائما کورڈ اور بال بیرنگ برآمد ہوئے ہیں، جنہیں پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار افراد مبینہ طور پر حساس تنصیبات کی ریکی کرتے تھے اور متعلقہ معلومات دہشت گرد تنظیم تک پہنچاتے تھے۔ حکام کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر دہشت گرد نیٹ ورک قائم کرنے کی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھے۔
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ اور ایکسپلوسیو ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق دیگر مبینہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور سی ٹی ڈی و دیگر حساس ادارے مشترکہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

