Site icon Tashakur News

لانڈھی ٹاؤن: 60 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری، 600 گلیوں کی تعمیر آخری مراحل میں

کراچی: لانڈھی ٹاؤن کے چیئرمین عبدالجمیل خان نے کہا ہے کہ ٹاؤن میں تقریباً 60 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جن میں سے متعدد منصوبے تکمیل کے آخری مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محدود وسائل کے باوجود بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی سرگرمیوں کو جاری رکھنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

کراچی میں وائس چیئرمین محمد عمران اور ٹاؤن میونسپل کمشنر محمد نواز خان مہر کے ہمراہ پریس بریفنگ کرتے ہوئے عبدالجمیل خان نے کہا کہ لانڈھی ٹاؤن نے ریٹائرڈ اور انتقال کر جانے والے ملازمین کے بقایاجات کی ادائیگی کو ترجیح دی۔ ان کے مطابق انتظامیہ اب تک 30 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو ادا کر چکی ہے، جبکہ برسوں سے زیر التوا تمام بقایاجات بھی کلیئر کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹاؤن انتظامیہ نے 30 سے زائد خستہ حال پارک بحال کیے، مختلف گرین بیلٹس سے تجاوزات ختم کیں اور انہیں دوبارہ عوام کے استعمال کے قابل بنایا۔

چیئرمین لانڈھی ٹاؤن نے کہا کہ اگرچہ سیوریج کا نظام ٹاؤن کی براہ راست ذمہ داری نہیں، اس کے باوجود عوامی ضرورت کے پیش نظر 50 ہزار رننگ فٹ سے زائد نئی سیوریج لائنیں بچھائی گئیں اور 1,500 سے زائد مین ہولز تعمیر کیے گئے۔ اسی طرح مختلف یونین کونسلز میں 18 ہزار رننگ فٹ نئی واٹر لائنیں ٹاؤن کے اپنے وسائل سے نصب کی گئیں، جبکہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نالوں کی صفائی کے ساتھ 12 کلورٹس بھی تعمیر کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ صحت کے شعبے میں لانڈھی ساڑھے پانچ نمبر پر مدر اینڈ چائلڈ کیئر سینٹر قائم کیا گیا ہے، جبکہ پہلی مرتبہ مختلف یونین کونسلز میں ماڈل محلوں کا منصوبہ بھی شروع کیا گیا۔

عبدالجمیل خان کے مطابق ٹاؤن میں اب تک 11 اہم سڑکوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، جبکہ 600 پیور بلاک گلیوں کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے 463 گلیاں مکمل ہو چکی ہیں، جبکہ 2 ہزار سے زائد ایل ای ڈی اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور مرمت بھی مکمل کی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی فنی تربیت کے لیے یوتھ ایمپاورمنٹ ڈیپارٹمنٹ قائم کیا گیا، جہاں 15 مختلف پیشہ ورانہ کورسز مفت کرائے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق اب تک 3 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کورسز مکمل کر چکے ہیں، جبکہ 600 سے زائد زیر تربیت ہیں۔ اس کے علاوہ بچوں میں مطالعے کے فروغ کے لیے کڈز لائبریری اور ای لائبریری بھی قائم کی گئی ہے۔

چیئرمین لانڈھی ٹاؤن نے دعویٰ کیا کہ سندھ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایک روپے کا بھی فنڈ فراہم نہیں کیا اور تمام منصوبے ٹاؤن کے اپنے وسائل اور او زیڈ ٹی سے ہونے والی بچت کے ذریعے مکمل کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی کارکردگی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے میئر کراچی کے ماتحت ہیں، لیکن اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا نہیں کر رہے۔ ان کے مطابق عوام کو پانی کی شدید قلت، بجلی اور گیس کے بحران سمیت متعدد بنیادی مسائل کا سامنا ہے، جن کے حل کے لیے متعلقہ اداروں اور حکومت کو فوری اقدامات کرنے چاہییں۔

عبدالجمیل خان نے کہا کہ ان کی انتظامیہ تمام 600 گلیوں کی تعمیر مکمل کرے گی، ہر یونین کونسل میں ماڈل محلہ قائم کیا جائے گا اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار برقرار رکھتے ہوئے عوام کو مزید بہتر شہری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

Exit mobile version