گلگت: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کا اعتماد ان کی جماعت کے لیے بڑی ذمہ داری ہے اور عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو آئینی حقوق دینا ناگزیر ہے۔
گلگت میں حلف برداری کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام محب وطن پاکستانی ہیں اور آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کرکے اپنی قربانیوں سے تاریخ میں نمایاں مقام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو جو مینڈیٹ دیا ہے، وہ ان کے کندھوں پر ایک بڑی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق حکومت عوامی مشکلات کے حل پر توجہ دے گی اور باصلاحیت نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور ترقی کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک میں سیاست کو محاذ آرائی کے بجائے عوامی خدمت کا ذریعہ بننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر پاکستان کی ترقی کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں اور گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج کو تسلیم کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے قومی سلامتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کو جنگ میں مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور افغانستان کے راستے پاکستان میں دراندازی کی سازشوں سے بھی آگاہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام متحد ہیں اور دشمن کی ہر سازش کا مقابلہ کریں گے۔ ان کے مطابق بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتا ہے، تاہم سندھ طاس معاہدے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملکی دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کے اختتام پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کو آئینی حقوق دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابات میں حصہ نہ لینے کے فیصلے کو افسوسناک قرار دیا۔

