کراچی: وہیکل لفٹر کے خلاف کارروائی میں اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) / سی آئی اے کراچی نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس مقابلے کے بعد ایک مبینہ عادی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر تھانہ بریگیڈ کی حدود میں کارروائی کی گئی۔ ایس آئی یو کی ٹیم نے مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے مبینہ طور پر پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہو گیا، جسے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس نے گرفتار ملزم کی شناخت صفید عرف سفو جتوئی ولد غلام محمد کے نام سے کی ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی شناخت ناصر علی ولد سردار علی کے طور پر بتائی گئی ہے۔
ایس آئی یو کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک 30 بور پستول بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان مبینہ طور پر عادی وہیکل لفٹر اور ریکارڈ یافتہ ملزمان ہیں، جو شہر میں متعدد اسٹریٹ کرائمز اور گاڑیوں کی چوری کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم صفید عرف سفو جتوئی اس سے قبل بھی کراچی میں وہیکل چوری، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور دیگر مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے۔ اس کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔
ایس آئی یو کا کہنا ہے کہ گرفتار اور فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں بھی مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

